پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی، 100 انڈیکس نئی تاریخی سطح پر

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں اگست کے مہینے میں ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس 1400 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 51 ہزار پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا دکھائی دیا، جس کی وجہ معاشی اشاریوں میں بہتری، سیاسی استحکام کی امیدیں اور ملکی مالیاتی پالیسیوں پر مثبت ردِعمل بتایا جا رہا ہے۔ تیزی کے اس رجحان نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو متحرک کیا بلکہ مارکیٹ میں کاروباری حجم میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق اسٹاک ایکسچینج کا یہ ریکارڈ لیول ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت سگنل ہے، تاہم آئندہ دنوں میں معاشی فیصلے اور عالمی مالیاتی رجحانات اس رفتار کو متاثر کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔

دن کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث انڈیکس میں 2 ہزار 127 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور ایک لاکھ 50 ہزار 323 کی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم، دن کے اختتام پر کچھ پرافٹ ٹیکنگ کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 49 ہزار پر بند ہوا تھا۔

بازار میں 482 کمپنیوں کے 80 کروڑ سے زائد شیئرز کا 48 ارب روپے سے زائد مالیت کا کاروبار ہوا۔ جولائی 2023 میں 100 انڈیکس 40 ہزار تھا، جو اب دو سال میں بڑھ کر 1 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر چکا ہے۔ سب سے زیادہ شیئر بینکنگ سیکٹر کا رہا، جب کہ فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ سیکٹر بھی نمایاں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں