شہرِ قائد بارش کے بعد مشکلات کا شکار، کہاں پانی جمع ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے؟

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل مزید بارش اور اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کر دی ہے، جس کے پیشِ نظر آج شہر بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شہرِ قائد میں طوفانی بارش، کرنٹ لگنے، دیواریں گرنے سمیت حادثات میں ابتک 12 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

منگل کے روز سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی بیشتر سڑکیں تاحال پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ شارع فیصل، نیو ٹاؤن، کارساز، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں رات گئے تک پھنسی رہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اہم شاہراہیں، بازار بند، سڑکوں پر پانی جمع، آمدورفت متاثر
کراچی میں حالیہ طوفانی بارش کے بعد معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی کے نکاس میں ناکامی کے باعث متعدد مقامات پر گاڑیاں پھنس چکی ہیں اور حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

شہر کے مرکزی تجارتی مراکز اور بازار بھی بارش کے پانی سے متاثر ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔

اردو بازار، ایم اے جناح روڈ، ناظم آباد، جہانگیر روڈ اور ڈرگ روڈ انڈر پاس جیسے مقامات پر پانی جمع ہونے کے باعث آمد و رفت ممکن نہیں رہی۔ صفورا چورنگی، کارساز، ناتھا خان اور سندھ اسمبلی کے اطراف بھی صورتحال ابتر ہے، جہاں گاڑیاں پانی میں بند ہو چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر ہاؤس، کھارادر، بولٹن مارکیٹ، سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی اور ایوان صدر روڈ پر بھی برساتی پانی موجود ہے۔ رنچھوڑ لائن میں ایک بوسیدہ عمارت کا حصہ گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شہر کے مختلف حصوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہو رہی ہے، تاہم شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے معطل بجلی بحال نہ ہوسکی
24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہے، خاص طور پر ملیر، ماڈل کالونی، لیاقت آباد، بلدیہ، کورنگی اور سرجانی میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلستان جوہر، ابو الحسن اصفہانی روڈ، اور ماڈل کالونی میں بھی کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔

گلستان جوہر کے متعدد بلاکس، محمود آباد، اخترکالونی، منظورکالونی، ڈیفنس ویو، ملیر عالمگیرسوسائٹی سمیت شہر کے مخلتف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی معطل ہے۔

پی ٹی سی ایل اور یوفون کی سروسز پر ڈیٹا رابطے کے مسائل کے باعث صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق ٹیمیں سروسز کی جلد از جلد بحالی کیلئے مستعدی سے کام کر رہی ہیں اور اس تکلیف کیلئے صارفین سے معذرت خوا ہیں۔

موسلادھار بارش کے بعد شہر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی متاثر ہے۔

میئر کراچی کی اپیل پر شہریوں کا ردِ عمل
میئر کراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ متوقع ہے کہ آج دپہر میں دوبارہ بارش شروع ہو سکتی ہے۔ میں لوگوں سے گزارش کروں گا کہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور اگر بارش شروع ہو جائے تو جہاں ہیں وہیں رک جائیں، چاہے وہ آپ کا دفتر ہو یا گھر۔

اپنا تبصرہ بھیجیں