کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن، بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔ حادثے کا سبب بننے والا ڈمپر خالی تھا جو فاسٹ ٹریک پر تیز رفتاری سے جا رہا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی۔ ٹریفک پولیس کے اینالائز یونٹ “ کے راٹ “ نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق موٹر سائیکل سلپ ہوئی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں حادثے کے وقت ایک خاندان کو موٹر سائیکل پر سوار ہوتے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ ان کے پیچھے تیز رفتار ڈمپر آ رہا تھا۔ حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار بہن بھائی زمین پر گر گئے، اور ڈمپر ان کو کچلتا ہوا گزر گیا۔

حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل ہجوم نے سات ڈمپرز کو جلا دیا، جس کے نتیجے میں پولیس نے بیس سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
جلائے گئے ڈمپرز کے مالکان کی مدعیت پر دو مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق، چار ڈمپر یوسف پلازہ تھانے اور تین ڈمپر فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں جلائے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے اینالائز یونٹ ”کے راٹ“ نے ابتدائی رپورٹ تیار کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت سڑک پر ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی جس کی وجہ سے سڑک گیلی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، ایک دوسری گاڑی سے ہلکی سی موٹر سائیکل ٹکرائی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل کا توازن خراب ہو گیا اور دونوں بہن بھائی زمین پر گر گئے۔ پیچھے سے آتا تیز رفتار ڈمپر ان کو کچلتا ہوا نکل گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حادثے کے وقت ڈمپر خالی تھا اور فاسٹ ٹریک پر تیز رفتار سے چل رہا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ”کے راٹ“ کے تحت مزید فوٹیجز حاصل کر کے تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے گی تاکہ حادثے کی وجوہات کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس حادثے کے معاملے میں مزید تحقیقات کر رہے ہیں اور جلد ہی مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں