نواز شریف اور مریم نواز سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری، تعلیم، سائنس اور پائیدار ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے یو اے ای کے سفیر کا پرتپاک اور پرخلوص استقبال کیا اور اہل پنجاب کی جانب سے یو اے ای کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کا رشتہ محض سفارتی نہیں بلکہ دلوں میں بسا ایک بندھن ہے، جو وقت اور حالات کی آزمائشوں میں ہمیشہ سرخرو رہا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز نے صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی سائنسی ترقی، ماحول دوستی، اور جدید وژن کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ تعلیم، تحقیق اور ماحولیات کے میدان میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے سرکاری و سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاک یو اے ای دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ باعثِ مسرت ہے، جبکہ پنجاب میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے جدید خطوط پر استوار کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں، اداروں اور کاروباری برادری کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لیے ایک بزنس فرینڈلی ماحول کے ساتھ بہترین انتخاب بن چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں