امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کا غزہ میں مختلف امدادی کیمپوں کا دورہ

مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے غزہ میں مختلف امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسٹیو وٹکوف نے غزہ میں زمینی حقائق جاننے کے لیے پانچ گھنٹے گزارے۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے رفح میں ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے حکام سے ملاقات بھی کی اور جاری امدادی منصوبے کا معائنہ کیا۔

اسٹیو وٹکوف نے ایکس پر لکھا کہ ان کے دورہ غزہ کا مقصد جنگ سے تباہ حال غزہ کے لیے ایک نیا امدادی منصوبہ تیار کرنا ہے۔

وٹکوف نے خوراک فراہم کرنے والے اسرائیلی حکام سے بھی ملاقات کی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وٹکوف کے دورے کے چند گھنٹے بعد فلسطینی میڈیکل ذرائع کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ اسرائیلی فورسز نے شہر کے جنوبی کنارے پر واقع امدادی کیمپ کے ایک مقام کے قریب تین فلسطینیوں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ رائٹرز فوری طور پر تصدیق نہیں کر سکا کہ آیا یہ واقعہ اسی مقام پر پیش آیا۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ امداد کے منتظر 38 فلسطینیوں سمیت مزید 83 فلسطینی شہید اور 554 زخمی ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق دہشت گرد اسرائیل نے امدادی کیمپوں اور پناہ گزین کیمپوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو بچوں سمیت مزید 3 افراد بھوک سے شہید ہوگئے۔

بھوک سے مرنے والوں کی تعداد 162 ہوگئی جن میں 92 بچے بھی شامل ہیں۔

غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 60 ہزار 332 ہوچکی ہے جبکہ ایک لاکھ 47 ہزار 643 فلسطینی زخمی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں