وفاقی حکومت کی ہدایات پر ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے خورونوش اور دیگر سامان کی فروخت کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے تمام اسٹورز سے اشیا کو ویئر ہاؤسز میں منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ خریدو فروخت کا عمل آج سے مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ای آر پی سسٹم بھی غیر فعال
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، ادارے کا ای آر پی (ERP) سسٹم بھی یکم اگست سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 31 جولائی کے بعد ای آر پی سسٹم کے ذریعے کسی بھی قسم کی خرید و فروخت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملک بھر میں رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے قائم کی گئی تھی، تاہم حالیہ حکومتی پالیسیوں کے تحت اس کے آپریشن کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
اس بندش کے بعد ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو سبسڈی پر ملنے والی اشیاء کی فراہمی رک گئی ہے، جس پر عوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔