سٹی سنٹر عجمان انڈور رن 2025 کا شاندار انعقاد. افتخار ہمدانی کی قیادت میں باہی عجمان پیلس ہوٹل کے پچاس رکنی وفد کی بھرپور شرکت.

دبئی (خالد محمود گوندل ) عجمان, سٹی سنٹر عجمان میں منعقدہ “انڈور رن 2025” کا ایونٹ جوش و خروش، صحت مندانہ سرگرمیوں اور کمیونٹی سپرٹ کا حسین امتزاج ثابت ہوا۔ مختلف عمر کے شرکاء نے اس انوکھے ایونٹ میں بھرپور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا، جس کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور عوام الناس کو ایک مثبت اور مفید سرگرمی میں یکجا کرنا تھا۔


یہ ایونٹ اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ تھا، جس میں ایک مصروف شاپنگ مال کو وقتی طور پر دوڑ کے میدان میں تبدیل کر دیا گیا۔ شرکاء نے بھرپور توانائی، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے فنش لائن عبور کی اور سٹی سنٹر عجمان ایک “کامیابی کے میدان” کا منظر پیش کرنے لگا۔ایونٹ کی خاص بات یہ رہی کہ اپنے اعلیٰ معیار سے منفرد پہچان کے حامل “باہی عجمان پیلس ہوٹل “کی جانب سے پچاس رکنی وفد نے اس میں شرکت کی، جس کی قیادت ہوٹل کے گروپ جنرل منیجر افتخار ہمدانی نے کی۔ ان کی سربراہی میں شرکت کرنے والے وفد نے صحت مند سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور کمیونٹی کی سطح پر ادارے کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے افتخار ہمدانی نے کہا“ہم عجمان ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جو روزانہ کچھ نہ کچھ نیا کرکے نہ صرف مقامی افراد کو متحرک رکھتا ہے بلکہ دنیا بھر کی توجہ عجمان کی جانب مبذول کروا رہا ہے۔ انڈور رن جیسا ایونٹ اسی وژن کی بہترین مثال ہے، جو صحت، سماجی ہم آہنگی اور عوامی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ عجمان ٹورازم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ ان کی ڈیجیٹل خدمات، ماحول دوست اقدامات اور جدید سیاحتی پالیسیوں نے امارات عجمان کو عالمی نقشے پر ایک ابھرتے ہوئے سیاحتی مرکز کے طور پر روشناس کرایا ہے۔ ہم باہی عجمان پیلس ہوٹل کی جانب سے ان کے ہر مثبت اقدام کا بھرپور ساتھ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ایونٹ میں شریک دیگر افراد اور ادارے بھی اس منفرد تجربے پر خوش نظر آئے اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف افراد کو جسمانی طور پر متحرک رکھتی ہیں بلکہ ایک مضبوط، باہم مربوط معاشرے کی بنیاد بھی فراہم کرتی ہیں۔ایونٹ کے اختتام پر شرکاء، منتظمین اور والنٹیئرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جن کی محنت اور لگن سے “انڈور رن 2025” ایک کامیاب اور یادگار دن میں تبدیل ہوا

اپنا تبصرہ بھیجیں