دو دریا پر بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ: سمندر میں پھینکنے والا کون تھا؟

کراچی کے علاقے دو دریا کے مقام پر ایک شخص نے 2 بچوں سمیت سمندر میں چھلانگ لگادی۔

کراچی میں دو دریا کے قریب سفاک شخص نے دو بچوں کو سمندرمیں پھینکنے کے بعد خود بھی چھلانگ لگادی۔ کئی گھنٹے کوشش کے بعد بھی لاشیں تلاش نہ کی جاسکیں۔ ڈوبنے والا شخص کون تھا، اس نے بچوں کوکیوں پھینکا، تاحال کچھ معلوم نہ ہوسکا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود نہ تو بچوں اور نہ ہی اس شخص کی لاشیں برآمد کی جا سکیں۔

پولیس کے مطابق، سمندر میں چھلانگ لگانے والے شخص کی عمر تقریباً 40 سال بتائی جارہی ہے، جب کہ بچوں کی عمر7 سے 10 سال کے درمیان ہے۔

واقعہ بدھ کی شام پیش آیا، جب ساحل پر موجود عینی شاہدین نے ایک شخص کو بچوں کے ہمراہ دیکھا۔ وہ پہلے لوگوں سے پانی کی بوتل مانگ رہا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق، اس نے بچوں کو پانی پلایا اور پھر اچانک ایک ایک کرکے دونوں کو سمندر میں دھکا دے دیا۔ ایک بچہ بھاگنے کی کوشش بھی کرتا رہا، لیکن سفاک شخص نے اسے بھی دبوچ کر پانی میں پھینک دیا، اور کچھ لمحوں بعد خود بھی چھلانگ لگا دی۔

شہریوں نے فوری طور پر پولیس اور ریسکیو اداروں کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیموں نے فوراً کارروائی شروع کی، تاہم اندھیرا چھا جانے کی وجہ سے آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق، فجر کے بعد دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق، فی الحال اس بات کی تصدیق ممکن نہیں کہ مرنے والا شخص بچوں کا والد تھا یا ان کے ساتھ اس کا کوئی اور تعلق تھا۔

ابتدائی شواہد سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی رائے لاشیں ملنے اور شناخت کے بعد ہی دی جاسکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں