حکومت کا پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافے کا اعلان کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل میں ایک روپے 48 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 285 روپے 83 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہے اور گزشتہ ماہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اوگرا نے جمعرات کے روز اگست کے لیے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق فی کلو قیمت میں 17 روپے 74 پیسے کی نمایاں کمی کی گئی ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 215 روپے 36 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ گھریلو استعمال کے لیے 11.8 کلوگرام کے سلنڈر کی قیمت میں 209 روپے 24 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 2,541 روپے 36 پیسے ہو گئی ہے، جو پہلے 2,750 روپے 60 پیسے تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں