پہلی بار بات چیت میں الجھن کا توڑ، واٹس ایپ نے ’ویو ایموجی‘ متعارف کرا دیا

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم واٹس ایپ نے صارفین کو باہمی رابطے میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت کسی سے پہلی بار بات چیت شروع کرتے ہوئے سلام یا تعارف کے لیے ’ویو ایموجی‘ (ہاتھ ہلانے والا ایموجی) بھیجنے کی سہولت دی گئی ہے۔

تکنیکی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق، یہ نیا فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو کسی سے پہلی بار رابطہ کررہے ہوں اور سمجھ نہیں پاتے کہ گفتگو کا آغاز کیسے کریں۔
اب جب بھی کوئی صارف کسی ایسے شخص کی چیٹ کھولے گا جس سے پہلے کبھی بات نہیں ہوئی، تو اسکرین کے نیچے ایک تجویز نمودار ہوگی، جو صارف کو ہاتھ ہلانے والا ایموجی بھیجنے کی ترغیب دے گی۔

یہی ویو ایموجی فیچر واٹس ایپ کی وائس چیٹ میں بھی استعمال ہوتا ہے، جہاں ’ویو آل‘ کے ذریعے تمام گروپ ممبران کو گفتگو میں شمولیت کی دعوت دی جاسکتی ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے یہ نیا فیچر اس خیال کے تحت لایا گیا ہے کہ صارفین کو پہلی بات چیت شروع کرتے وقت الجھن یا ہچکچاہٹ محسوس نہ ہو، اور انہیں ایک ہلکے پھلکے انداز میں ’ہیلو‘ کہنے کا موقع دیا جائے۔

اگر کوئی صارف اس تجویز کو استعمال نہیں کرنا چاہتا تو وہ آسانی سے اس کے ساتھ دیے گئے ’کلوز بٹن‘ پر کلک کر کے اسے بند کرسکتا ہے۔

یہ فیچر فی الحال صرف اُن بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے جنہوں نے واٹس ایپ کا تازہ ترین بیٹا ورژن انسٹال کررکھا ہے، تاہم جلد ہی یہ سہولت مزید صارفین کے لیے عام کردی جائے گی۔

پرائیویسی کنٹرول
واٹس ایپ ایک اور نئے اور دلچسپ فیچر پر بھی کام کررہا ہے، جس کے تحت صارفین اپنی پروفائل کے ’اباؤٹ‘ سیکشن کو وقتی بنیادوں پر ظاہر یا غائب کرسکیں گے۔ یعنی اباؤٹ میں شامل کیا گیا جملہ یا اسٹیٹس مخصوص مدت کے بعد خود بخود غائب ہوجائے گا، جس سے صارفین کو مزید پرائیویسی اور کنٹرول حاصل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں