کراچی، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی بڑی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) اور حساس ادارے کے مشترکہ آپریشن میں منگھو پیر کے ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا، جس کے دوران دہشت گردوں سے شدید مقابلہ ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب نے سول اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت زعفران اور دوسرے کی قدرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق حکومت نے زعفران پر 2 کروڑ روپے کا انعام رکھا تھا اور اس دہشت گرد کا گزشتہ سال چائینیز پر حملہ کرنے کا بھی ریکارڈ ہے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے گرنیڈ، خودکش جیکٹس اور ایک ڈائری برآمد ہوئی ہے جس میں ٹارگٹڈ افراد کے نام درج تھے۔

سی ٹی ڈی حکام نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا اور ان کا ہدف ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر کو بڑھانا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں اور اب ملزمان کے گھر کے مالک کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں