پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اگست میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ احتجاج کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے دیے گئے 90 روز کے بیان کا مقصد ان کی رہائی کے لیے ایک ڈیڈ لائن دینا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 90 روز کی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس تحریک میں آر یا پار کریں گے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ حکومت میں رہیں یا نا رہیں ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا لیکن ہم ملک کے کونے کونے میں جائیں گے اور عوام کو متحرک کریں گے۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو لاہور میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں ضرور شریک ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ لاہور میں ارکان پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد پر پارٹی میں مکمل اتفاق رائے تھا۔