امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر فول ریور میں بزرگوں کے رہائشی مرکز “گیبریئل ہاؤس” میں لگنے والی خوفناک آگ میں 9 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جس اولڈ ہاؤس میں آگ لگی وہ 1999 میں قائم کیا گیا تھا اور آتشزدگی کے وقت عمارت میں تقریباً 70 افراد مقیم تھے۔
جن میں سے زیادہ تر بزرگ معذور اور وہیل چیئر پر تھے، کچھ آکسیجن کے سہارے زندہ تھے۔ اس لیے خود سے باہر نکلنا نہایت مشکل تھا۔
فائر چیف جیفری بیکن نے میڈیا کو بتایا کہ عمارت سے دھواں اُٹھنے کے بعد متعدد معمر افراد کھڑکیوں سے جھانکتے ہوئے مدد کے لیے چیخ و پکار کررہے تھے۔
آگ بے حد شدید تھی اور نہایت تیز رفتاری سے عمارت میں پھیلی۔ کسی کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ متعدد بزرگ دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث بیہوش ہوگئے۔
فائر بریگیڈ کے 50 سے زائد رضاکاروں نے گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ درجنوں بزرگوں کی حالت غیر تھیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائر چیف بیکن نے بتایا کہ افسوسناک واقعے میں 9 بزرگ ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ تفتیشی عمل جارہی ہے۔ اس وقت قیاس آرائیاں نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔