امریکا، چرچ میں فائرنگ سے دو خواتین ہلاک، تین افراد زخمی

امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لیکسٹن میں چرچ کے اندر فائرنگ کے واقعے میں دو خواتین ہلاک ہو گئیں اور دو مرد شدید زخمی ہوئے، جن میں ایک ریاستی پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک نامعلوم حملہ آور نے بلو گراس ایئرپورٹ کے قریب ریاستی پولیس اہلکار کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار نے ایک گاڑی کو روکا تھا جسے لائسنس پلیٹ ریڈر کے ذریعے علاقے میں مشکوک پایا گیا تھا۔

حملہ آور نے زخمی کرنے کے بعد ایک گاڑی کو چھین لیا اور بیلو ووڈ ڈرائیو کے 3700 بلاک میں فرار ہو گیا۔ پھر وہ رچمنڈ روڈ پر واقع ایک بپٹسٹ چرچ پہنچا، جہاں اس نے چار افراد کو گولی مار دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں جبکہ دو مردوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والی خواتین کی عمر 72 اور 32 سال تھی، جب کہ ایک زخمی مرد کی حالت نازک ہے اور دوسرے کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

لیکسٹن پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور کا چرچ میں موجود افراد سے کوئی تعلق ہو سکتا ہے۔ پولیس نے کہا کہ فاتھے کاؤنٹی کے کارونر آفس ہلاک شدگان کی شناخت جاری کرے گا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کو قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے مزید کہا کہ حملہ آور کی شناخت اس کے خاندان کو آگاہ کرنے کے بعد منظر عام پر لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں