شعیب ملک کی بیٹے سے ملاقات شدید تنقید کی زد میں

اپنی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بین الاقوامی شہرت رکھنے والے پاکستان کے معروف کرکٹر شعیب ملک اپنے بیٹے ازہان کے حوالے سے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔

حالیہ دنوں شعیب ملک نے دبئی میں اپنے بیٹے ازہان کے ساتھ دوپہر کے کھانے کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی۔

تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا۔ “لنچ ودھ مائی بیسٹ فرینڈ “Lunch with my best friend۔

اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا۔

متعدد صارفین نے تبصرے کیے کہ محض ایک دن کی ملاقات سے والد کی ذمہ داری پوری نہیں ہو جاتی۔

ایک صارف نے لکھا، ”جب والدین میں طلاق ہو جائے تو بچہ دونوں گھروں کی بلی بن جاتا ہے۔ شادی کے ابتدائی پانچ سالوں تک والدین کو بچے پیدا کرنے سے پہلے ایک دوسرے کو سمجھنا چاہیے۔“

ایک اور تبصرہ تھا،”بچے کو کبھی کبھار لنچ پر لے جانا باپ بیٹے کی دوستی کا ثبوت نہیں، بلکہ اس سے دوری اور بڑھتی ہے۔“

کچھ صارفین نے شعیب ملک کی والدانہ ذمہ داریوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، ”صرف ماں ہی ذمہ دار نہیں، آپ بھی والد ہیں، آپ کا بھی فرض ہے کہ بیٹے کی مکمل ذمہ داری اٹھائیں۔“

کئی صارفین نے ثانیہ مرزا کی تعریف کی اور طلاق کو ایک افسوسناک فیصلہ قرار دیا۔ ایک مداح نے لکھا،”طلاق نہیں ہونی چاہیے تھی۔ ثانیہ مرزا زیادہ سمجھدار، تعلیم یافتہ اور متوازن شخصیت تھیں۔ اگر دونوں چاہتے تو معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل ہو سکتے تھے۔“

شعیب ملک نے پاکستان کے لیے کئی یادگار میچز جیتے، خاص طور پر 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں ان کی کارکردگی کو بھرپور سراہا گیا۔ تاہم ان کی ذاتی زندگی میں گزشتہ کچھ عرصے سے شدید ہنگامہ خیزی دیکھنے کو ملی ہے۔

شعیب ملک کی پہلی شادی 2010 میں بھارت کی مشہور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے ہوئی تھی۔ دونوں نے کئی سال ایک مضبوط اور مثالی جوڑی کے طور پر گزار، اور 2018 میں ان کے ہاں بیٹے ازہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔

اس جوڑے کو ”پاک-بھارت پاور کپل“ کہا جاتا تھا، لیکن 2024 میں شعیب ملک نے اچانک ثانیہ مرزا سے علیحدگی اور پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کا اعلان کیا، جس پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں خاصی تنقید ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں