نانگا پربت مہم: غیر ملکی خاتون کوہ پیما آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے باعث ہلاک

نانگا پربت سر کرنے کے لیے پر عزم غیرملکی خاتون کوہ پیما چلاس کے قریب واقع بونر بیس کیمپ کے علاقے میں ایک گہری کھائی میں گرنے کے باعث جان کی بازی ہار گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق، کیمپ ون اور کیمپ ٹو کے درمیان ٹریکنگ کے دوران کلارا کی آکسیجن گیس پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں وہ حادثے کا شکار ہوئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
چیک ریپبلک سے تعلق رکھنے والی 46 سالہ کلارا کولوخووا ایک تجربہ کار کوہ پیما تھیں اور ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو کو سر کرنے والی پہلی چیک خاتون ہونے کا اعزاز رکھتی تھیں۔
وہ اس وقت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی، نانگا پربت سر کرنے کی مہم پر تھیں، جس کی بلندی 8,125 میٹر ہے، یہ پہاڑ اپنی خطرناک ساخت کے باعث ’قاتل پہاڑ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
حادثہ گلگت بلتستان کے دیامر علاقے میں بونر بیس کیمپ کے قریب، کیمپ 1 اور کیمپ 2 کے درمیان پیش آیا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق، ابتدائی رپورٹس میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سانحہ آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً 4 بجے بیس کیمپ کے علاقے میں پیش آیا، پولیس نے بتایا کہ کلارا 15 جون کو اپنی ٹیم کے ہمراہ شنگریلا ہوٹل میں قیام پذیر تھیں۔ 16 جون کو انہوں نے بونر بیس کیمپ کی طرف روانگی اختیار کی، اور 17 جون کو ٹیم بیس کیمپ پہنچی۔
کلارا کی ٹیم کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے، اور آج باضابطہ طور پر ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور جلد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں