شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن، مومن آباد میں خاندانی رنجش خونریز تصادم میں بدل گئی، جس کے نتیجے میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ مومن آباد میں پیش آیا جہاں مقتول غوث الدین عرف عمران اپنے دو دوستوں گلبد خان اور امین کے ہمراہ اپنی بیٹی کے سسرال گیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق غوث الدین کا اپنے داماد حمید سے جھگڑا ہوا، جو شدت اختیار کر گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران داماد حمید نے مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں غوث الدین، گلبد خان اور امین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ لاشوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد ملزم حمید اپنے بھائی رحمت اللہ کے ہمراہ فرار ہو گیا، جب کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے والد شاہ جہاں سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جسے فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔