کراچی گلستان جوہر میں اجرت مانگنے پر دکاندار نے خواجہ سرا پر تشدد کیا، جس پر خواجہ سراؤں نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان میں اجرات مانگنے پر دکاندار نے خواجہ سرا کو تشدد کا نشانہ بنایا، خواجہ سرا کمیونٹی احتجاج کے لیے جوہر تھانے پہنچ گئی، مظاہرے میں خواجہ سرا کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور پولیس کے خلاف بھی نعرے لگائے۔
پولیس حکام کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والا خواجہ سرا گلستان جوہر بلاک 14 میں ویلڈنگ کی دکان پر ملازم ہے۔
ایس پی گلشن احمد اقبال کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران خواجہ سرا پر تشدد کیا گیا، جس کا مقدمہ درج کرکے تشدد کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
خواجہ سراؤں نے مفرور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمے میں گرفتار اور مفرور ملزم دونوں کو نامزد کر رکھا ہے۔