مائیکروسافٹ کا پاس ورڈز ختم کرنے کا فیصلہ، پاس کیز متعارف

مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگست 2025 سے اپنے اکاؤنٹس کے لیے پاس ورڈز کا استعمال مکمل طور پر ختم کر کے اس کی جگہ زیادہ محفوظ پاس کیز ٹیکنالوجی متعارف کرائے گا جبکہ یہ فیصلہ کمزور پاس ورڈز کی وجہ سے اکاؤنٹس کو لاحق خطرات اور ہیکنگ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاس کیز ڈیجیٹل کیز ہیں جو ویب سرورز پر اسٹور نہیں ہوتیں، جس سے ان کی سیکیورٹی بڑھ جاتی ہے اور یہ ٹیکنالوجی طویل پاس ورڈز کے بجائے 4 ہندسوں کا پن کوڈ یا بائیو میٹرک ڈیٹا (جیسے فنگر پرنٹ یا چہرے کی شناخت) استعمال کرتی ہے، جس سے لاگ ان کا عمل تیز اور محفوظ ہو جاتا ہے۔

پاس کیز کی بدولت پاس ورڈ مینیجرز پر ہیکرز کے حملوں کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔

مائیکروسافٹ صارفین کو پاس کیز بنانے کے لیے Authenticator ایپ کے ذریعے نوٹیفکیشن بھیجے گا اور اگر آپ Authenticator استعمال نہیں کرتے، تو ای میل یا دیگر ذرائع سے آگاہ کیا جائے گا۔

Authenticator ایپ میں ایک نیا پاس کیز سیکشن بھی شامل کیا جا رہا ہے جہاں صارفین آسانی سے اپنی پاس کی تیار کر سکیں گے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاس کیز سے لاگ ان کا عمل نہ صرف تیز بلکہ زیادہ محفوظ بھی ہے تاہم، ایک ممکنہ مسئلہ یہ ہے کہ اگر آپ کا موبائل فون گم ہو جائے جس میں پاس کیز اسٹور ہیں تو اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی کے لیے اضافی کوشش کرنا پڑ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں