یوٹیوب شارٹس بنانے والوں کے لیے خوشخبری، گوگل ڈیپ مائنڈ کا جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ویڈیو جنریشن ماڈل ویو 3 جلد یوٹیوب شارٹس کا حصہ بنے گا جس سے ویڈیو بنانا پہلے سے کہیں آسان ہو جائے گا۔
یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے کانز لائنز فلم فیسٹیول کے دوران اعلان کیا کہ ویو 3 رواں موسم گرما میں یوٹیوب شارٹس کے لیے مفت دستیاب ہوگا اور اس ٹول کے ذریعے صارفین بغیر کیمرے یا ویڈیو ایڈیٹنگ کی مہارت کے محض تحریری ہدایات دے کر پروفیشنل معیار کی مختصر ویڈیوز بنا سکیں گے۔
نیل موہن نے کہا کہ ویو 3 ہر اس فرد کو اپنی کہانی شیئر کرنے اور خوابوں کو کیریئر میں بدلنے کے لامحدود مواقع فراہم کرے گا۔
ویو 3 مکمل ویڈیو کلپس تیار کرسکتا ہے جو آڈیو اور ویژولز کے امتزاج سے بنتے ہیں اور حقیقت کے قریب محسوس ہوتے ہیں۔
فی الحال یہ ٹول گوگل کے اے آئی پرو اور اے الٹرا صارفین کے لیے ماہانہ فیس کے ساتھ دستیاب ہے لیکن جلد ہی یہ یوٹیوب شارٹس پر سب کے لیے مفت ہوگا۔
موجودہ ویو 2 اور ڈریم اسکرین بیک گراؤنڈ جنریشن ٹولز کے مقابلے میں ویو 3 ایک بڑی اپ گریڈ ہے۔
اس سے نہ صرف ویڈیو بنانا آسان ہوگا بلکہ صارفین یوٹیوب سے کمائی کے نئے مواقع بھی حاصل کرسکیں گے تاہم، اس سے شارٹس سے کمائی کرنے والے موجودہ کری ایٹرز کی آمدنی پر اثر پڑ سکتا ہے۔
یوٹیوب کے پارٹنر پروگرام کے 25 فیصد سے زائد صارفین فی الحال شارٹس ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔