بجٹ 26-2025، ایم کیو ایم کا ترقیاتی منصوبوں کیلئے 30 ارب مختص کرنے کا مطالبہ

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 30 ارب روپے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق متحدہ نے ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی بجٹ 2025-26 میں 30 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 20 ارب روپے اور حیدرآباد کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی درخواست کی۔

ایم کیو ایم وفد نے کراچی کے پانی کی سپلائی اور گرین لائن منصوبوں کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔

وفد نے زور دیا کہ وزیراعظم کی خصوصی توجہ سے شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے یقین دہانی کرائی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز متحدہ کے ارکان اسمبلی کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ایم کیو ایم کے وفد نے کہا کہ وہ شہری مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں اور کراچی و حیدرآباد کی ترقی کے لیے وفاقی تعاون ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں