واٹس ایپ نے یکم جون 2025 سے متعدد پرانے آئی فونز اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے لیے اپنی سروسز بند کردی ہیں جس کے بعد ان فونز پر واٹس ایپ کا استعمال ممکن نہیں رہا اور اس فیصلے کا اطلاق 2014 سے قبل کے تیار کردہ فونز پر ہوگا۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ اب صرف آئی فونز پر کام کرے گا جو iOS 15.1 یا اس سے جدید آپریٹنگ سسٹم پر چلتے ہیں جبکہ اسی طرح اینڈرائیڈ فونز کے لیے Android 5.0 یا اس سے جدید ورژن کی ضرورت ہوگی۔
ابتدائی طور پر یہ پابندی 5 مئی 2025 سے نافذ ہونی تھی لیکن ایپل کی جانب سے ایک اپ ڈیٹ جاری کی گئی تھی تاکہ صارفین اس تبدیلی کے لیے تیاری کرسکیں۔
اب آئی فون 5S، آئی فون 6، آئی فون 6X، گلیکسی S3، ایچ ٹی سی ون X، اور سونی ایکسپیریا Z جیسے ماڈلز پر واٹس ایپ استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
تاہم، 9to5Mac کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 6S، آئی فون 6S پلس، اور آئی فون SE (پہلی جنریشن) جو iOS 15.8.4 پر کام کرتے ہیں، اگلے ایک سے دو سال تک واٹس ایپ کو سپورٹ کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ کمپنی ہر سال پرانے ڈیوائسز اور سافٹ ویئر کا جائزہ لیتی ہے جن کے صارفین کی تعداد کم ہوتی ہے۔