غزہ میں امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 27 فلسطینی شہید

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رفح میں ایک امدادی مرکز کے قریب فائرنگ کر کے کم از کم 27 فلسطینیوں کو شہید اور 90 دیگر کو زخمی کر دیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح رفح کے فلیگ چوک پر پیش آیا جو غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز کے قریب واقع ہے۔

یہ تیسرا واقعہ ہے جو گزشتہ تین دنوں میں رفح کے اس امدادی مرکز کے اطراف پیش آیا۔

غزہ کے حکام کے مطابق 27 مئی سے جی ایچ ایف کے امدادی آپریشنز شروع ہونے کے بعد سے اب تک 100 سے زائد امداد کے متلاشی افراد شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے ریکارڈز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ زاہر الوحیدی نے شہیدوں کی تعداد کی تصدیق کی۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے ترجمان ہشام مہانہ نے بتایا کہ رفح میں ان کے فیلڈ ہسپتال میں 184 زخمی افراد لائے گئے جن میں سے 19 اسپتال پہنچنے پر مردہ پائے گئے جبکہ آٹھ دیگر بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں