دبئی میں جائیداد خریدنے کے خواہش مند افراد کے لیے خوشخبری ہے۔ فچ ریٹنگز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دبئی میں رہائشی ریئل اسٹیٹ کی قیمتوں میں رواں سال کے وسط سے لے کر آئندہ سال تک پندرہ فیصد تک کمی کا امکان ہے۔ یہ رجحان پراپرٹی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے توازن کی بحالی کا مظہر ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 اور 2024 کے دوران دبئی میں ریکارڈ تعداد میں نئے ریئل اسٹیٹ منصوبے شروع کیے گئے، جن کے تحت تقریباً ڈھائی لاکھ نئے یونٹس کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ اگلے سال یعنی 2026 میں مزید ایک لاکھ بیس ہزار نئے رہائشی یونٹس خریداروں کے حوالے کیے جائیں گے، جبکہ 2024 میں تیس ہزار اور 2025 میں نوے ہزار یونٹس پہلے ہی تیار ہو چکے ہیں۔
فچ ریٹنگز کا کہنا ہے کہ 2025 سے 2027 کے دوران گھروں کی فراہمی میں مجموعی طور پر سولہ فیصد کا نمایاں اضافہ ہوگا، جو مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ بن سکتا ہے۔
تاہم، رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ دبئی کی پرائم لوکیشنز جیسے ڈاؤن ٹاؤن، پام جمیرا اور مرینا جیسے علاقوں میں پراپرٹی کی قیمتوں پر اس کمی کا اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ ان علاقوں میں سرمایہ کار عام طور پر طویل المدتی سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں اور فوری فروخت کی نیت نہیں رکھتے۔