ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد میں پولیس نے شہری پر تشدد کرنے والے بااثر شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم کا سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور پہلے سے گرفتار ہیں اور گاڑی بھی ضبط ہوچکی ہے۔
ڈیفنس میں لینڈ کروزر اور بائیک سوار میں ٹکر کے بعد شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے نجی کمپنی کے مالک سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے معمولی واقعے پر گارڈز کے ساتھ مل کر نوجوان پر تشدد کیا تھا جس کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، نوجوان کے ساتھ موجود خواتین معافی مانگتی رہیں مگر ملزم نے پھر بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ 31 مئی کو اتحاد کمرشل ریکوری کے لیے گیا ہوا تھا، اس دوران دیکھا کہ ایک لینڈ کروزر اور موٹر سائیکل کے درمیان معمولی حادثہ ہوا۔ اس دوران لینڈ کروزر کے مالک جس کا نام وہاں پر موجود لوگوں سے سلمان فاروقی معلوم ہوا اس نے اپنے مسلح گارڈ اور ڈرائیور کے ذریعے موٹر سائیکل سوار کو اسلحہ کے زور پر اپنی گاڑی میں محصور کرکے زدوکوب کیا، گالم گلوچ کی اور دھمکیاں دیں۔
موٹر سائیکل سوار کے ساتھ خاتون نے گاڑی کے مالک کو ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کی مگر گاڑی کے مالک نے دھکے دیکر دھتکار دیا، پورے معاملے کو وہاں موجود کافی لوگوں نے دیکھا اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق میں ایک شہری کی حیثیت سے رپورٹ کرنا آیا ہوں، گاڑی کے مالک سلمان فاروقی، ڈرائیور و گارڈ پر اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل کو گاڑی میں محصور کرکے زدو کوب کرنا، گالم گلوچ کرنا اور دھمکیاں دینا، خاتون کو دھکے دیکر اس کی عفت میں خلل پیدا کرنے کے خلاف قانونی کاررروائی کی جائے۔
گرفتاری سے قبل ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزم سرکاری ملازم نہیں ہے، گرفتاری کے لیے رات گئے ملزم کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی جبکہ متاثرہ فیملی نے بھی رابطہ نہیں کیا مگر رابطے کی کوشش جاری ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ پولیس اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جارہی ہے، کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں، متاثرہ شہری کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کا کہنا تھا کہ معمولی حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے بااثر شخص کی تفصیلات پولیس نے حاصل کرلی ہیں، پولیس کی جانب سے سلمان فاروقی نامی شخص کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس افسر کے مطابق موٹر سائیکل سوار متاثرہ شہری نے اب تک پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا، پولیس اپنے طور پر بھی موٹر سائیکل سوار متاثرہ شہری کو تلاش کر رہی ہے۔ موٹر سائیکل سوار متاثرہ شہری سے رابطہ ہونے پر واقعہ کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
مقدمہ درج
شہری کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 25/278 بجرم دفعہ 506بی، 354، 342، 34/504 کے تحت واقعے کے عینی شاہد محمد سلیم کی مدعیت میں گزری تھانے میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں سلمان نامی شخص اور اس کے ڈرائیور و سیکیورٹی گارڈ کو نامزد کیا گیا۔