شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک بااثر شخص نے موٹرسائیکل سوار پر سرعام تشدد کیا اور تھپڑوں کی بارش کر دی۔
یہ واقعہ اتحاد کمرشل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار نے اچانک بریک لگایا جس پر بااثر شخص اور اس کے ساتھی نے غصے میں آ کر اس پر تشدد شروع کر دیا۔
موٹرسائیکل سوار کی بہن بااثر شخص کے سامنے آ کر معافی مانگتی رہی، لیکن اس شخص نے معصوم لڑکی کی درخواست کو نظرانداز کرتے ہوئے تشدد کی لہر کو مزید بڑھا دیا۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں بااثر شخص کو موٹرسائیکل سوار کو بغیر کسی وجہ کے تھپڑ مارتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
اس دوران، دونوں افراد کے درمیان ہاتھا پائی کے علاوہ موٹرسائیکل سوار اور اس کی بہن کو بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ شخص اور اس کی بہن نے بار بار معافی کی درخواست کی، لیکن بااثر شخص نے اس کا کوئی اثر نہ لیا اور قانون کو ہاتھ میں لے کر کمزور شہری کی تذلیل کی۔
ایس سی پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ پولیس نے شہری پر تشدد کرنے والے شخص کی شناخت کر لی ہے، ملزم کا دفتر بند ہے جہاں چھاپہ مارا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق واقعے کی شکایت پولیس کو نہیں دی گئی، فیملی کی بھی تلاش جاری ہے ،حکام ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔