کراچی کے مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں تین مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے، جس سے شہر بھر میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے زوردار تھے کہ شہری اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور اذانوں کے ساتھ اللہ اکبر، توبہ اور استغفار کے ورد میں مشغول ہو گئے۔
پہلا جھٹکا رات 1:12 بجے کے قریب محسوس کیا گیا، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں 30-1 بجے دو مزید زوردار جھٹکے آئے۔
زلزلے کے جھٹکے خاص طور پر قائدآباد، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل ٹاؤن، کورنگی، مجید کالونی، شیرپاؤ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز کراچی کے گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا۔
گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور علاقے میں آسمان میں چرند و پرندوں کا شور سنائی دیا۔
مختلف علاقوں میں مساجد سے اذانیں دی گئیں، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی ہے اور خوف کے مارے گھر جانے کو تیار نہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ زلزلہ معمولی نوعیت کا تھا، تاہم اس کے باوجود شہریوں میں تشویش اور دہشت کا سامنا رہا۔