محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، اندرون سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج شام سے آندھی چلنے اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے اور آندھی کے باعث کمزورانفرا اسٹرکچرکو نقصان کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آبادمیں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ کشمیر،گلگت بلتستان ، مری،گلیات،اٹک ،جہلم میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔ اس سلسلے میں الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
گزشتہ روز ملک کے گرم ترین مقامات میں جیکب آباد، تربت اور سبی شامل رہے جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گرمی کی یہ شدت معمول سے زیادہ ہے جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔
ادھر کوٹری میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جن میں دو افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہو گئے۔ حیدرآباد، جامشورو سمیت دیگر شہروں میں بھی بادل خوب برسے، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی ضرور آئی لیکن بعض مقامات پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں۔