بھارت کی جانب سے پاکستان پر ڈرونز کے ذریعے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد قرار دیے گئے ہیں۔
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے ان خبروں کو بھارتی میڈیا کی من گھڑت مہم قرار دیا ہے جس کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا اور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے کسی بھی ڈرون نے نہ تو سرحد عبور کی ہے اور نہ ہی لائن آف کنٹرول کی کوئی خلاف ورزی کی ہے۔ پاکستان مکمل طور پر سیز فائر معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے پھیلائی جانے والی یہ خبریں ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا پلندہ ہیں جو زمینی حقائق کے سراسر منافی ہیں۔ درحقیقت، بھارتی افواج خود لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جس کے شواہد ماضی میں متعدد بار عالمی سطح پر سامنے آ چکے ہیں۔