پاک فضائیہ نے بھارت کے روسی ساختہ ایس فور ہینڈرڈ دفاعی نظام کو کیسے تباہ کیا؟ غیرملکی دفاعی ادارے کی ڈاکیومنٹری سامنے آ گئی۔
غیر ملکی دفاعی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے ہائپر سونک میزائل فائر کرکے بھارت کا دفاعی نظام ایس 400 کو نیست و نابود کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کو الیکٹرانک تحفظ حا صل تھا، اور وہ دشمن کے ریڈار کی نظر میں آئے بغیر فضا میں محو پرواز تھے۔ اینٹی ریڈی ایشن سسٹم کے استعمال سے پاکستانی طیاروں نے دشمن کے ریڈار سسٹم کو مکمل طور پر جام کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے یہ مہارت انڈس شیلڈ 2023 کی فضائی مشقوں میں حاصل کی تھی، اور ان مشقوں سے حاصل ہونے والی مہارت کو بھارت کے خلاف جنگی ماحول میں کامیابی کے ساتھ آزمایا گیا۔
تاریخ ساز فضائی حملے میں چین سے خریدے گئے جے 10 طیاروں نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کو تحفظ فراہم کیا۔ جے 10 سی طیاروں نے بھارتی ریڈارز کے سگنل جام کرکے جے ایف 17 کو پوری آزادی کے ساتھ دشمن پر وار کرنے کا موقع فراہم کیا۔
رپورٹ میں ہائپر سونک میزائل سی ایم 400 میزائل کی بھی تعریف کی گئی، جو طیارے سے فائر کرنے کے بعد بیلسٹک میزائل کی طرح پہلے فضا میں بلند ہوتا ہے۔ اور پھر ہدف کا تعین کرنے کے بعد آواز کی رفتار سے کئی گنا تیز ، ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔
غیر ملکی ڈاکومنٹری میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کی یہ شاندار کامیابی صرف جنوبی ایشیای میں ہی طاقت کا توازن تبدیل نہیں کرے گا بلکہ مستقبل میں دنیا کے دیگر خطوں میں بھی اس مثال کی پیروی کی جائے گی۔