بھارتی فوج پاکستان کیخلاف ناکام کیوں ہوئی؟ امریکی ملٹری جریدے کا انکشاف

بین الاقوامی جریدے ”دی نیشنل انٹرسٹ“ نے بھی پاک فوج کی برتری کو تسلیم کر لیا ہے، جو اس تاریخی کامیابی کا عالمی اعتراف ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ملٹری جریدے کی جانب سے بھارتی فوج کی پاکستان کے خلاف ناکامی سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے۔

امریکی جریدے کے مطابق بھارت کے آپریشن سندور کے باعث جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی لہر دوڑی۔ یہ تصادم ایک عرصے سے جاری کشیدگی اور حالیہ پہلگام حملے کے تناظر میں پیش آیا تھا، جس کے بعد بھارت میں جنگی جنون بیدار ہوا۔

دی نیشنل انٹرسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پانچ بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانا پاکستان کی زبردست کامیابی ہے۔

بین الاقوامی ماہرین اور مبصرین کے مطابق تصادم کے آغاز سے قبل بھارت کو عسکری اعتبار سے برتری حاصل تصور کیا جا رہا تھا۔ اس کی بڑی وجوہات میں بھارت کی ایٹمی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی برتری، اور روسی و یورپی دفاعی کمپنیوں سے متنوع عسکری سازوسامان کی فراہمی شامل تھیں۔

تاہم، پاکستانی فضائیہ نے اپنی شاندار صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی بھارتی فضائی حملوں کو مؤثر انداز میں پسپا کیا۔ پاکستانی فضائیہ نے چینی ساختہ جدید ہتھیاروں اور ترک افواج کی عسکری معاونت کے بل بوتے پر بھارتی فضائیہ کے جنگی طیارے مار گرائے۔ یہ کارنامہ ”آپریشن سندور“ کے آغاز میں ہی پاکستان کی طرف سے ایک نمایاں کامیابی کے طور پر ابھرا ہے۔

بھارت کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے جمعرات کے روز پاکستان کی کلیدی فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے واضح ہوا کہ یہ تصادم محض ابتدائی مراحل میں ہے اور آگے چل کر مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے جے-10سی طیاروں اور PL-15 میزائلوں کی مدد سے بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان پہنچایا۔

امریکی ملٹری جریدے میں کہا گیا کہ بھارتی فضائیہ (IAF) کے حوالے سے مغربی تجزیہ کاروں کی یہ رائے تھی کہ یہ فورس تکنیکی طور پر برتر ہے، تاہم موجودہ تنازعے نے بھارتی افواج کی کئی خامیوں کو اجاگر کیا ہے۔ طیارہ اڑانے والے پائلٹوں کی کمی اور جدید تربیتی سہولیات جیسے فلائٹ سمیولیٹرز کی قلت نے بھارتی فضائیہ کی جنگی کارکردگی پر منفی اثر ڈالا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے جدید ترین رافیل طیاروں کا نقصان نئی دہلی کی عسکری ساکھ کے لیے دھچکا ثابت ہوا۔

فرانسیسی اخبار لی مونڈی کی صحافی سوفی لاندریں کے مطابق پاکستانی فضائیہ کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ اُن کے پائلٹوں کی اعلیٰ تربیت اور جنگی تجربہ ہے۔ پاکستانی پائلٹ طویل عرصے سے افغان سرحد کے ساتھ واقع قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف فضائی کارروائیوں میں مصروف رہے ہیں، جبکہ بھارت نے عمومی طور پر پرامن حالات میں کام کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی ایک نازک موڑ پر پہنچ چکی ہے، جہاں دونوں جوہری طاقتیں آمنے سامنے ہیں، اور ہر لمحہ حالات کے مزید بگڑنے کا خدشہ موجود ہے۔

دفاعی ماہرین نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی طاقت اور عسکری حکمت عملی نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا، دشمن کو سبق سکھانا پاک فوج خوب جانتی ہے، اور حالیہ فتح اس کی روشن مثال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں