کراچی کی شاہراہ فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب پیش آنے والے ایک حادثے میں 4 گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک ٹریفک پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، حادثے میں ایک ٹینکر، کار اور سوزوکی شامل تھی، جبکہ تصادم کے دوران چند موٹر سائیکلیں بھی زد میں آئیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریفک میں اچانک رکاوٹ پیدا ہوئی جس کے باعث گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔
ریسکیو حکام نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ایک شخص کی حالت نازک تھی اور وہ بعد ازاں جاں بحق ہوگیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔