خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارت کی جانب سے مبینہ جارحیت کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد وزیراعظم آفس میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں مشیر قومی سلامتی، ڈی جی آئی ایس آئی، احد چیمہ اور طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام پہنچ چکے ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری اور سول قیادت موجود ہوگی، جہاں قومی دفاع، خارجہ پالیسی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد ممکنہ طور پر ایک اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا، جس میں حکومت کا باضابطہ مؤقف سامنے لایا جائے گا۔