پولیس وردی کا مذاق اڑانے پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اور پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج

لاہور پولیس نے معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف پولیس وردی کا تمسخر اڑانے پر مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، کاشف ضمیر نے پولیس کی وردی پہنے اہلکار کے ہمراہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ساکھ مجروح کرنے والی حرکات کی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹک ٹاکر نے پولیس کا مذاق اڑایا بلکہ قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے نہ صرف کاشف ضمیر بلکہ پولیس اہلکار کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کی حرکتیں عوام میں پولیس کے وقار اور اعتماد کو ٹھیس پہنچاتی ہیں، جو قانوناً ناقابل قبول اور قابل سزا جرم ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے ساتھ نظر آنے والا پولیس اہلکار اصل میں محکمہ پولیس کا ملازم ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار پولیس لائنز میں تعینات تھا اور وہ اپنی ڈیوٹی کے بعد ذاتی حیثیت میں کاشف ضمیر کی تقریبات میں شرکت کرتا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں