یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک جدید فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی ویڈیوز کے لیے حسب ضرورت انسٹرومنٹل بیک گراؤنڈ میوزک تیار کرسکیں گے۔
کمپنی نے اس کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیچر کریئٹر میوزک مارکیٹ پلیس میں شامل کیا جارہا ہے اور یوٹیوب کے مطابق صارفین اب تحریری ہدایات کے ذریعے اے آئی سے منفرد دھنیں بنواسکیں گے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر ان صارفین کے لیے فعال کیا جائے گا جو کریئٹر میوزک تک رسائی رکھتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم 2023 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد ویڈیو بنانے والوں کو میوزک کے انتخاب اور اس کے اخراجات کو سمجھنے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین کریئٹر میوزک کے “میوزک اسسٹنٹ” ٹیب میں ٹیکسٹ فیلڈ کے ذریعے اے آئی کو ہدایات دیں گے جیسے کہ وہ کس قسم کی موسیقی چاہتے ہیں کون سے آلات استعمال ہوں یا ویڈیو کا انداز کیا ہے۔
اگر صارف کو خود ہدایات دینے میں دشواری ہو تو پہلے سے تیار کردہ ہدایات بھی دستیاب ہوں گی۔
یوٹیوب نے واضح کیا کہ یہ میوزک مفت استعمال کیا جاسکتا ہے اور صارفین کو کاپی رائٹ دعووں کی کوئی فکر نہیں ہوگی۔
یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں صارفین کے لیے متعارف کیا جائے گا، جس کے بعد اسے دیگر ممالک تک وسعت دی جائے گی۔