اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے لیے تیاریاں عروج پر، لوک ورثہ میں پرجوش استقبال

وفاقی دارالحکومت میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے لیے لوک ورثہ اسلام آباد کو پاکستانی ثقافت و کلچر کے رنگوں سے سجایا گیا ہے اور کنونشن کے لیے آنے والے معزز مہمانوں کو ڈھول کی تھاپ کے ساتھ روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانی کنونشن میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور شرکا سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور روزگار کے امکانات سے پرامید ہیں جو اس کنونشن کے ذریعے سامنے آئیں گے۔

توقع ہے کہ یہ کنونشن ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

استقبال کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے جو ان کے لیے خصوصی عزت و احترام کا مظہر ہے۔

کنونشن کے موقع پر کلچرل فوڈ میلہ اور لوک موسیقی کا پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جو پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگی کو اجاگر کرے گا۔

کنونشن کا افتتاحی سیشن 14 اپریل کو ہوگا جس میں چیئرمین سینیٹ شرکت کریں گے ، کنونشن میں ایس آئی ایف سی، وزارت خارجہ، وزارت تجارت اورنادرا کے اجلاس ہوں گے۔

اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ،اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کی سائیڈ میٹنگز بھی ہوں گی۔

اوورسیز کنونشن میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، کابینہ ارکان اور اراکین پارلیمنٹ بھی شرکت کریں گے۔

وفاقی وزیر عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا آغاز ہوچکا ہے اور اوورسیز پاکستانیز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا اہم موقع ہے، وہ دنیا بھرمیں پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں جبکہ وہ پاکستان کی شان ہیں اور انہوں نے ملک سے باہر پاکستان کو پہچان دی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز بیرون ملک محنت کر کے ترسیلات زر بھیجتے ہیں، ایکسپورٹرز پاکستانی مصنوعات دنیا بھر میں پھیلاتے ہیں۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ کنونشن 2 روز جاری رہے گا، مفید بات چیت ہوگی، کنونشن کے انعقاد میں ایس آئی ایف سی اور آرمی چیف کا اہم کردار ہے، اوورسیز پاکستانیز نے پاکستان کیلئے جو کیا،اب وقت آگیا کہ پاکستان آپ کیلئے کچھ کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے متعلق بہت سے لوگوں کو مسئلہ ہو رہا ہے، وزیراعظم کی کاوشوں سے پاکستان ٹیک آف کر رہا ہے، اُڑان بھر رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں