کراچی میں عوام تو کیا اب پولیس خود بھی جرائم پیشہ عناصر اور قاتلوں سے محفوظ نہیں۔ جوبلی مارکیٹ کے قریب پولیس اہلکار ایوب کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج
پولیس کے مطابق حملہ آور ایوب سے کوئی چیز چھیننا چاہتے تھے جسے وہ فائرنگ کے بعد لے گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اہلکار ایوب زمین پرگرا تولوگ بچانے کے بجائے چھپنے لگے، پولیس اہلکار نیچے گرا تو ایک ملزم اسکے قریب آیا اور ملزم نے پولیس اہلکار کے پاس سے کوئی چیز اٹھائی۔
فوٹیج میں ملزم کے برقعے پوش ساتھی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے برقعہ پوش موٹر سائیکل کے پاس کھڑا رہا۔ فائرنگ کے بعد دونوں موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق رنچھوڑ لین جوبلی چوک کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت ایوب کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس اہلکار چاکیواڑہ تھانے میں تعینات تھا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے پولیس اہلکار پر فائرگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے ایس ایس پی سٹی سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا جہاں کرائم سین یونٹ شواہد جمع کر رہی ہے۔
کراچی پولیس چیف نے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد ایس ایس پی سٹی سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔
ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
کراچی: تھانے کے باہر شادی میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ سے بچی جاں بحق، مقدمہ درج
فائرنگ کا دوسرا واقعہ نیوکراچی میں پیش آیا۔ فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
مقتول کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پلاٹ کے تنازعے پرپیش آیا بروہی اور بگٹی قبائل کا پلاٹ پر تنازعہ چل رہا تھا۔