کراچی میں مشتعل افراد نے شہری کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی

کراچی میں مشتعل افراد نے ایک اور واٹر ٹینکر جلادیا۔ پولیس کے مطابق ٹینکر ڈرائیور پیچھے شہری کو ٹکر مار کر فرار ہوا تھا۔

کراچی میں مشتعل افراد نے شہری کو ٹکر مار کر فرار ہونے والے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر ڈرائیور ناظم آباد کے قریب شہری کو ٹکر مار کر فرار ہوا تھا جس کا شہریوں نے تعاقب کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب فائیو اسٹار چورنگی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹینکر الٹ گیا تو شہریوں نے اسے آگ لگا دی۔ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا تاہم ڈرائیور موقع پا کر فرار ہوگیا۔
گزشتہ شب بھی نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا جس کے بعد مشتعل افراد نے کئی ڈمپر جلا دیے تھے۔

ناگن چورنگی پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب احتجاج کے دوران ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کچل دیا۔ جس کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی دیکھتے ہی دیکھتے چند گھنٹوں میں 10 ہیوی گاڑیوں کو جلادیا گیا تاہم 10 گاڑیاں جلانے پر 5 پرچے کٹ گئے

ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق ان واقعات کے بعد پولیس متحرک ہوگئی، 19 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جلاؤ گھیراؤ پوری منصوبہ بندی سے کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں