کے الیکٹرک حکام نے کراچی میں جاری نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات کے دوران بجلی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کراچی کے اسکولوں کا دورہ کیا اور بورڈ آ ف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی سے امتحانی مراکز کی تفصیلات حاصل کیں۔
ہیڈ آف ڈسٹری بیوشن آپریشنز شیخ ہمایوں صغیر کا کہنا ہے کہ فہرست ملی تو ٹیمیں متحرک ہوگئیں، امتحانی مراکز میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
اس س قبل بورڈ چیئرمین نے امتحانی مراکز کی لسٹ کے الیکٹرک کو ارسال کی، جس میں کے الیکٹرک کو صبح 9:30 سے 12:30 اور شام 2:30 سے 5:30 بجے تک لوڈشیڈنگ روکنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
چیئرمین بورڈ نے طلبہ کے مفاد میں فوری اقدام کی اپیل کی تھی۔ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ آج مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرینگے۔
واضح رہے کہ گشتہ روز کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کے تیسرے روز لوڈ شیڈنگ کے باعث طلباء کا امتحان دینا محال ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات کا آج چوتھا روزہے، آج صبح میں دسویں جماعت کا سائنس گروپ کا حیاتیات کا پرچہ لیا جائے گا، امتحانات کا وقت صبح ساڑھے نو سے سہ پہر ساڑھے بارہ بجے تک مقرر ہے۔
دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کا پرچہ لیا جائے گا، جنرل گروپ کے پرچے کا وقت 3 بجے سے 6 بجے تک مقرر مجموعی طور پر امتحانات میں 3 لاکھ پچھتر ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
شہر بھر میں 499 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔