امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ جاری شدید ٹیرف جنگ کے دوران بالآخر مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ میں چین کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہوں گا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دنیا نے تجارت کے معاملے پر ہم سے انصاف نہیں کیا، اب سب چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں اور ہم نے اپنا مقصد حاصل کرلیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں مہنگائی، بے روز گاری اور شرح سود میں کمی ہورہی ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر غزہ سے اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کے وعدہ کیا اور کہا کہ اس حوالے سے اسرائیل اور حماس دونوں سے بات چیت کر رہے ہیں تاہم اگر ہم معاہدہ نہیں کرسکے تو سب پہلے جیسا ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ روس یوکرین جنگ کو روکنے کی جانب پیشرفت ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، بات چیت برابری کی بنیاد پر اور باہمی احترام کے ساتھ ہونی چاہئے۔
اب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف کے معاملے پر معاہدے کے ذکر سے خیال کیا جارہا ہے کہ دونوں ممالک میں حالیہ تناو میں کمی آئے گی جس کا اثر عالمی معیشت پر بھی پڑ رہا ہے۔