بچوں کی موج مستی ختم، پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں آج سے تدریسی عمل کا آغاز

پنجاب بھر میں بچوں کی موج مستی ختم ہونے کا وقت آگیا، صوبے کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں آج سے تدریسی عمل کا آغاز ہوگیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام اسکول کھل گئے۔

پنجاب بھر کے طلبہ کے لیے چھٹیوں کا اختتام ہو گیا، سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں آج سے تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

صوبے کے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے کھلنے کے ساتھ ہی اسکولوں میں بچوں کی چہل پہل لوٹ آئی ہے۔ صبح سویرے بچے نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق اسکولوں کا رخ کرتے نظر آئے، جبکہ والدین نے بھی سکون کا سانس لیا۔

اساتذہ کی جانب سے کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے اور پہلے دن طلبہ کو نئے تعلیمی سال کے حوالے سے ہدایات دی جا رہی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ تعطیلات کے دوران بچوں نے خوب موج مستی کی تاہم اب تعلیمی سفر کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں آج سے نئے تعلیمی سال کا باضابطہ آغاز ہو گیا، نیا تعلیمی سال طلبہ، والدین اور اساتذہ کے لیے نئی اُمیدوں اور کامیابیوں کا پیغام لے کر آیا ہے۔

صبح سویرے بچے یونیفارم میں ملبوس خوشی خوشی اسکول پہنچے، جہاں اساتذہ نے ان کا پرجوش انداز میں استقبال کیا۔

نئے تعلیمی سال کے پہلے دن اسکولوں میں خصوصی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں، جن میں طلبہ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی گئی۔

والدین کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیمی پیش رفت کے لیے پرامید ہیں جبکہ اساتذہ بھی عزم کے ساتھ نئے سال کے لیے تیار ہیں۔

نیا تعلیمی سال نہ صرف علم کی روشنی پھیلانے کا آغاز ہے بلکہ ہر بچے کے لیے ایک نیا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرے اور کامیابی کی نئی منزلیں طے کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں