کراچی والوں کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 6 روپے 62 پیسے کمی کا امکان

شہر قائد کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بڑا ریلیف متوقع ہے، جہاں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ کمی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FPA) کی مد میں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فروری کے مہینے کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی درخواست نیپرا کو موصول ہو چکی ہے، جبکہ ملک بھر کے لیے بجلی 1 روپے 71 پیسے سستی کرنے کے حوالے سے نیپرا نے سماعت مکمل کر لی ہے۔ اب اعدادوشمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد باقاعدہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

پاور ڈویژن حکام کے مطابق اگر کمی کی منظوری دی جاتی ہے تو کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو آئندہ تین ماہ کے بلز میں نمایاں ریلیف ملے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیصلہ منظور ہو جاتا ہے تو بجلی صارفین کو مہنگائی کے بوجھ سے کچھ حد تک نجات ملے گی، خاص طور پر کراچی جیسے بڑے شہر میں جہاں بجلی کے بل پہلے ہی عوام کے لیے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں