بین الاقوامی سازش اور ہماری غلطیوں کی وجہ سے دہشت گردی عروج پر ہے، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کی تقسیم کی جنگ عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، دنیا کو بتایا ہے کہ ہمارے دریائے سندھ کو بچانا ہے۔

گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب ذوالفقار علی بھٹو کے علم بردار ہیں اور بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، صدر زرداری نے گڑھی خدا بخش کے ساتھ اپنا فرض نبھایا اور صدارتی ریفرنس کے ذریعے شہید بھٹو کو انصاف دلایا عوام کی عدالت نے بھٹو کو بے گناہ قرار دیا اور پچاس سالہ جدوجہد کے بعد بھٹو کو انصاف ملا۔

بلاول نے کہا کہ آصف زرداری نے 18ویں ترمیم کی صورت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا آئین بحال کیا صوبوں کو حق دلا کر قائد عوام کا حق پورا کیا، شہید بھٹو کو نشان پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا کیوں کہ بھٹو نے عوام کے لیے جہدوجہد کی، محنت کشوں کو حقوق دیے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہمیں سندھ دریا کو بچانا ہے میں وزیر خارجہ رہا ہوں اور پانی کی تقسیم کی جنگ عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، دنیا کو بتایا ہے کہ ہمارے دریائے سندھ کو بچانا ہے، ہم عالمی دنیا میں پانی کا مسئلہ اٹھاتے رہے ہیں بھارت کو پانی روک رہا ہے میں اس کا عالمی سطح پر مقابلہ کرکے آیا ہوں بھارت ہمارے پانی پر ڈاکے مارتا آرہا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات، آئینی عدالت ہوگی تو برابری کی بنیاد پر نمائندگی ملے گی، ملک میں سیاست اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ نقصان ہورہا ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سازش اور ہماری غلطیوں کی وجہ سے دہشت گردی عروج پر ہے، دہشت گرد کبھی مذہب، کبھی قوم پرست اور علیحدگی پسندوں کے پیچھے چھپتے ہیں ہمیں پاکستانیوں کے خون سے کھیلنے والے درندوں کا مقابلہ کرنا ہے، بلوچستان میں مزدوروں کو شہید کیا جاتا ہے، کبھی کراچی میں بلوچ بہنوں کو خودکش بمبار بنایا جاتا ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا یہ لوگ اب پاکستان سے جنگ چھیڑ چکے ہیں اور عوام کو شہید کررہے ہیں یہ لوگ خود عالمی طاقتوں کو بیچتے ہیں اور اپنے لوگوں کو شہید کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قیدی نمبر 804 کو سیاست کرنے اور اپوزیشن میں رہنے کا حق ہے مگر وہ دہشت گردی کے خلاف اپنا حق ادا کرے، ہم پاکستان کھپے کہنے والے لوگ ہیں، میں ہمیشہ وفاق کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور ہر سازش کو ناکام بناؤں گا۔

بلاول کا کہنا تھاکہ ہم حکومت کے ساتھ بیٹھ کر پی ایس ڈی پی فائنل کریں گے، بجٹ پر مشاورت ہوگی تب ہی اس کے حق میں ووٹ دیں گے بصورت دیگر مشاورت کے بغیر بنائے گئے بجٹ کو ووٹ نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں