کراچی؛ کورنگی میں آئل ریفائنری کے نزدیک گیس پائپ لائن میں آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب آئل ریفائنری میں 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ بے قابو ہے۔ فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں اور2 باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ فوم کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق آگ ممکنہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگی۔ گورنرسندھ نے کمشنر کراچی سے رابطہ کر کے آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد لینے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کام کے دوران گیس لائن میں آگ لگ گئی۔ 8 گھنٹے گزرنے جانے کے باوجود آگ بے قابو ہے، فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں ور2 باؤزرآگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر گیس لائن میں لگی ہے، آگ تیسرے درجے کی ہے۔ آگ بجھانے کی کوششوں میں کرین اور ڈمپر بھی شامل ہیں، کرین کی مدد سے ڈمپر میں ریت بھری جا رہی ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر بریگیڈ طلب کر لی گئی ہے، آگ پر پانی اور فوم کے استعمال کا فائدہ نہیں ہو رہا، آگ کا پریشر پانی کو واپس پھینک رہا ہے۔ کوشش کر رہے ہیں ریت کی مدد سے آگ کو بجھایا جائے۔

کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے یہاں پر کوئی گیس کا ذخیرہ ہے، آگ کی صورتحال رات والی ہی ہے۔

پولیس کے مطابق آگ ممکنہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگی ہے، سوئی سدرن کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔

ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق لانڈھی ہائیڈرینٹ سے فائربریگیڈ کو بجھانے کیلئے بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے، واٹرٹینکر جائے وقوع پرپہنچ گئے ہیں۔

زرائع کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، واقعے سے قبل 1800 فٹ گہری کھدائی کی گئی تھی جو مبینہ طور پر پانی کی بورنگ کے لیے کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق بورنگ کا کام مکمل ہوچکا تھا، تاہم آج جب پائپ واپس نکالنے کا عمل جاری تھا تو اچانک زیر زمین گیس کا اخراج شروع ہوگیا، کچھ ہی دیر بعد گیس نے آگ پکڑ لی جس سے ریفائنری کے اطراف دھواں پھیل گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ مبینہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگنے کے باعث پھیلی، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم آگ کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیل گیا جس سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے رابطہ

ادھر گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے رابطہ کرکے کورنگی کراسنگ کے قریب آگ لگنے کے واقعے پر اظہار تشویش کیا ہے۔

انہوں نے کہا آگ پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ہیلی کاپٹرکی فوری فراہمی ممکن بنائیں جائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں