کراچی میں یوم القدس ریلی کیلئے ٹریفک پلان سامنے آگیا

کراچی میں کل 27 رمضان بعد نماز جمعہ نمائش تا تبت سینٹر یوم القدس ریلی نکالی جائے گی تاہم یوم القدس ریلی کے لیے ٹریفک پلان سامنے آگیا۔

مجلس وحدت المسلمین سمیت مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے کل یوم القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، اس سلسلے میں نمائش چورنگی پر استقبالیہ کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔

یوم القدس ریلی کے لیے ٹریفک پلان سامنے آگیا، ٹریفک پولیس نے عوام کو پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل روٹ استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اس حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری ریلی کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل روٹ کا انتخاب کریں، تین ہٹی یا لسبیلہ سے آنے والے گرو مندر سے دائیں جانب سولجر بازار جاسکتے ہیں، بائیں بنوری سنگل سے جیل چورنگی اور پی پی چورنگی سے منزل مقصود جا سکیں گے، پریڈی اسٹریٹ ریگل سے تبت سینٹر جانے والے ٹریفک کو پریڈی چوک موڑ اور صدر دواخانہ سے پی پی چورنگی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فریسکو چوک، عید گاہ چوک سے تبت سینٹر جانے والی ٹریفک کو جوبلی موڑ دیا جائے گا، آغا خان سوئم روڈ سے آنے والے بائیں جانب انکل سیریا کی جانب جا سکیں گے، کوسٹ گارڈ سے سولجر بازار یا نشتر روڈ کی جانب ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا، داؤد پوتہ روڈ اور لکی اسٹار سے آنے والی ٹریفک کو پریڈی چوک کی طرف بھیجا جائے گا۔

اس کے علاوہ لکی اسٹار سے آنے والی ٹریفک کو دائیں جانب صدر دواخانہ سے پیپلز چورنگی کی طرف موڑا جائے گا، آغا خان سوئم روڈ، گارڈن سے کوسٹ گارڈ آنے والے متبادل راستہ اختیار کریں، بہادر یار جنگ روڈ پر سولجر بازار سے گرومندر کی طرف جانے والی ٹریفک کا متبادل راستہ مقرر کر دیا گیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل یوم القدس منایا جائے گا
دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل یوم القدس منایا جائے گا، دنیا بھر میں مسلمان رمضان کے آخری جمعے کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہیں۔

راولپنڈی اسلام آباد میں بھی ملک بھرکی طرح جمعہ الوداع کے موقع پریوم القدس جوش وخروش سے منایا جائے گا، جس میں ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی، جڑواں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں