کراچی کے علاقے عزیز آباد میں اپنے ہی اسلحے کی گولی سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ اتفاقیہ ہے یا خودکشی کا؟ تحقیقات کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچ کے علاقے عزیز آباد شہدا قبرستان کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت میں تعینات سیکیورٹی گارڈ فائرنگ کے پراسرار واقعے میں جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کرسی پر بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک اس کے اپنے ہی اسلحے سے گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی نوعیت کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ اتفاقیہ طور پر گولی چل جانے کا ہے یا خودکشی کا؟ اس پہلو پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، جائے وقوعہ کے معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ سیکیورٹی گارڈ گولی کرسی سے پار ہوکر پیچھے دیوار میں لگی۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت کامران رستم کے نام سے ہوئی، جو شاہ سیکیورٹی کمپنی میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ سیکیورٹی گارڈ کے زیر استعمال اسلحہ پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔