بھارت کے شہر ناگپور میں مغل شہنشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو مسمار کرنے کا مطالبہ کرنے والے انتہا پسندوں نے مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں شہر میں فسادات پھوٹ پڑے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں ہونے والے اس مظاہرے نے ہندو، مسلم کشیدگی کو ہوا دی ہے اور مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا اور مکانوں پر پتھراؤ کیا جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے 20 افراد کو گرفتار کیا اور شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
کانگریس رہنما ہرش وردن نے ان فسادات کا الزام ریاستی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے ریاستی وزرا اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے لوگوں کو اکسانے کا سبب بن رہے تھے۔