رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی روزے رکھنے والوں کو توانائی کی کمی، تھکن اور معدے کی صحت میں تبدیلی جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تاہم، اگر آپ اپنے کھانے پینے کے معمولات میں کچھ سمجھداری سے تبدیلیاں کریں، تو آپ پورے مہینے میں خود کو تروتازہ اور متحرک رکھ سکتے ہیں۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹنس ٹرینر یاسمین کراچی والا نے اپنے انسٹاگرام ویڈیو میں بتایا کہ وہ رمضان میں سحر اور افطار میں کیا کھاتی ہیں تاکہ جسم کو ضروری غذائیت اور توانائی ملتی رہے۔
سحری میں کیا کھائیں؟
یاسمین کراچی والا کہتی ہیں ایک صحت مند سحری صحت اور فٹنس کے لئے بہت ضروری ہے اس لئے آغاز تروتازہ ہونا چاہئے، دن کی بہترین شروعات کے لیے تربوز کے چند ٹکڑے کھائیں، کیونکہ اس میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ پروٹین کے حصول کے لئے ایک اسکوپ پلانٹ بیسڈ پروٹین پاؤڈر پانی کے ساتھ پینا توانائی کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
اسکے علاوہ متوازن غذا میں ایک انڈہ اور دو انڈے کی سفیدی سے تیار کردہ اسٹف کے ساتھ ایک یا دو سلائس ساورڈو بریڈ لینا بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔ ساتھ الیکٹرولائٹس ضروری ہیں، پانی میں الیکٹرولائٹس ملا کر پینے سے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہوتی اور دن بھر توانائی برقرار رہتی ہے۔
افطار میں کیا کھائیں؟
کھجور سے روزہ کھولیں کیونکہ کھجور فوری توانائی فراہم کرتی ہے اور روایتی طور پر افطار کا بہترین آغاز ہے۔ اور مشروب میں انتخاب کیجے قدرتی چیزوں کا، کھجور کے بعد، یاسمین گڑ سے میٹھا کیا گیا لیموں پانی پیتی ہیں جو ہاضمے اور جسم کی تروتازگی کے لیے مفید ہوتا ہے۔
اسکے ساتھ ہی تازہ پھلوں کی سلاد جس پر چیا سیڈز چھڑکے گئے ہوں، نہ صرف ذائقے دار بلکہ صحت مند بھی ہوتی ہے۔ اور پروٹین کے حصول کے لئے کیونکہ پروٹین کی کمی پوری کرنے کے لیے چکن کباب کھانے سے پٹھوں کی مضبوطی میں مدد ملتی ہے۔
پسندیدہ مشروب بہت اہمیت رکھتا ہے، یاسمین کہتی ہیں ’میں سارا دن اپنی کافی کا انتظار کرتی ہوں۔ اگرچہ کیفین جسم کو پانی کی کمی کا شکار کر سکتی ہے، لیکن مجھے کافی پسند ہے،‘
رات کے کھانے میں کیا کھائیں؟
رات کے کھانے کے لیے یاسمین کراچی والا میڈی ٹیرین چکن باؤل کھاتی ہیں، جس میں چکن، سبزیاں اور چاول شامل ہوتے ہیں۔ یہ ایک غذائیت سے بھرپور اور متوازن کھانا ہے جو روزہ رکھنے کے بعد جسم کو ضروری اجزاء فراہم کرتا ہے۔
اگر آپ کو میٹھا کھانے کا دل چاہے، تو ڈارک چاکلیٹ کا ایک ٹکڑا بہترین انتخاب ہو سکتا ہے کیونکہ یہ صحت مند اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔
رمضان میں صحت مند طرزِ زندگی کے لیے پانی زیادہ مقدار میں پئیں تاکہ دن بھر ہائیڈریٹ رہیں۔ کیفین کا کم استعمال کریں کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی پیدا کر سکتا ہے۔ زیادہ مرغن اور چٹپٹی غذا سے پرہیز کریں تاکہ معدے کے مسائل نہ ہوں۔ پروٹین، فائبر اور صحت مند کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل غذا کھائیں تاکہ توانائی برقرار رہے۔
اسکے علاوہ اہم بات یہ کہ نیند پوری کریں تاکہ جسمانی اور ذہنی کارکردگی بہتر ہو۔
ماہِ رمضان میں اگر ہم متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا کا انتخاب کریں، تو ہم نہ صرف اپنی عبادات بہتر طریقے سے انجام دے سکتے ہیں بلکہ اپنی صحت کو بھی برقرار رکھ سکتے ہیں