فروری 2025 میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر 3.8 فیصد اضافے سے 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 38.6 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 3.8 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مجموعی طور پر جولائی تا فروری مالی سال 2025 کے دوران 24 ارب ڈالر کی آمد کے ساتھ کارکنوں کی ترسیلات زر میں 32.5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جولائی تا فروری مالی سال 2024 کے دوران 18.1 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2025 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (744.4 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (652.2 ملین ڈالر)، برطانیہ (501.8 ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکا (309.4 ملین ڈالر) سے موصول ہوئیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی اپیل کر رکھی ہے، لیکن اس کے باوجود ہر ماہ ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ ہورہا ہے۔