کیا آپ نے کبھی اپنے ایئربڈز صاف نہیں کیے؟ اسے نظر انداز کرنا آپکی صحت کو خطرے میں ڈال سکتا ہے

ڈاکٹرز ایئربڈز کی صفائی پر زور دیتے ہیں کیونکہ اس کو نظرانداز کرنا صحت کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

آج کی ہنگامہ خیز زندگی میں ایئربڈز تقریباً ہر شخص کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ چاہے آپ کو دنیا سے جڑنا ہو، میٹرو کے سفر میں کسی ساتھی کی ضرورت ہو، یا رات کے وقت سکون سے ایپیسوڈز دیکھنا ہو، ایئربڈز آپ کے لیے ایک ضروری گیجٹ بن چکے ہیں۔
ایئربڈز کا استعمال نہ صرف تفریحی مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے بلکہ پروفیشنل اور روزمرہ کی زندگی میں بھی ان کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے۔ تاہم، ان کا استعمال کرتے ہوئے ایک اہم پہلو جو اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے، وہ ہے ان کی صفائی۔ ایئربڈز کا مسلسل استعمال ان میں گندگی اور جراثیم کو جمع کر سکتا ہے، جو صحت کے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ، ایئربڈز پر گندگی، پسینہ اور کان کا موم جمع ہو جاتا ہے، خاص طور پر جب آپ انہیں جیب، بیگ یا کانوں میں رکھتے ہیں۔ اس سے نہ صرف خرابی ہوتی ہے بلکہ یہ آڈیو کی کوالٹی کو بھی متاثر کر سکتا ہے اور صحت کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر ایئربڈز کی صفائی پر زور دیتے ہیں کیونکہ ان کو صاف نہ کرنے سے مختلف صحت کے مسائل جنم لے سکتے ہیں، جیسے کان کی نالی کی سوزش اور انفیکشن۔

طویل عرصے تک ایئربڈز کا استعمال کان کے اندرونی حصے کو متاثر کر سکتا ہے، جس سے سماعت میں کمی یا ٹنیٹس (کان میں شور کا احساس) جیسی بیماریوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ ایئرفون کا طویل استعمال کان کے بالوں کے خلیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس سے سماعت میں کمی کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ایئربڈزسے انفیکشن کا خطرہ
ڈاکٹرز یہ بھی کہتے ہیں کہ ایئربڈز کا طویل استعمال پسینے کے ساتھ مل کر کان کی نالی میں سوزش اور انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے، جس سے شدید درد، سوجن، اور پیپ کا اخراج ہو سکتا ہے۔ اگر ایئربڈز کو مناسب طریقے سے صاف نہیں کیا جائے تو یہ انفیکشن کا ذریعہ بن سکتے ہیں، جو بعد میں ٹائیمپینک جھلی (کان کی پردہ) تک پہنچ کر مزید مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

ایئربڈز کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف کرنا بہت ضروری ہے، تاکہ انفیکشن کا خطرہ کم ہو سکے۔ خاص طور پر ورزش کے بعد، کیونکہ گندے ایئربڈز کان میں نقصان دہ بیکٹیریا داخل کر سکتے ہیں۔

ایئربڈز کی صفائی کے طریقے
ایئربڈز کی صفائی کے لیے کئی طریقے موجود ہیں۔ مارکیٹ میں مخصوص صفائی کٹس دستیاب ہیں جن میں برش، روئی اور دیگر آلات شامل ہیں۔ ان سے ایئربڈز کے نازک حصوں کو صاف کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، آپ جراثیم کش وائپس یا مائیکرو فائبر کپڑے کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔

سلیکون ٹپس کو ہٹاکر انہیں گرم پانی میں صابن ڈال کر تقریباً 30 منٹ تک بھگونا بہترین طریقہ ہے۔ صفائی کے بعد، انہیں نرم کپڑے یا روئی سے صاف کریں اور انہیں مکمل طور پر خشک ہونے دیں۔

صفائی کے دوران کسی بھی تیز شے جیسے حفاظتی پن یا قلم کا استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ اسپیکر یا مائیکروفون میش کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ایئربڈز کو پانی میں ڈبونے سے گریز کریں، کیونکہ مائع ان کے اندر جا سکتا ہے اور نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

کیس کی صفائی
اپنے ایئربڈز کو واپس کیس میں رکھنے سے پہلے، کیس کی صفائی کرنا بھی ضروری ہے۔ اس میں موجود گندگی کو خشک کپڑے سے صاف کریں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ چارجنگ پورٹ میں کوئی مائع نہ جائے۔

ایئربڈز کی صحیح صفائی نہ صرف ان کی زندگی بڑھاتی ہے بلکہ یہ صحت کے مسائل سے بھی بچاتی ہے، اس لیے ان کی صفائی کو نظرانداز نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں